دادو: سندھ کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ مختلف حادثات میں آٹھ افراد جاں بحق ہوگئے، میرپور خاص میں شدید بارش کے باعث ایمرجنسی نافذ
کردی گئی۔ میرپورخاص، ٹھٹھہ، بدین، دادو، خیرپور، سانگھڑ، عمر کوٹ، جھڈو، ٹنڈو محمد خان، حیدرآباد جامشورو اور ملحقہ علاقوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ بخاری ٹاون میں دیوار گرنے سے پانچ سالہ بچہ ہلاک ہوگیا۔ گائوں میر شیر محمد میں ایک خاتون جان سے ہاتھ دھو بیٹھی۔ پتھورو میں پانی میں ڈوب کر بہن بھائی جاں بحق ہوگئے۔ کوٹ غلام محمد اور جھڈو میں دو افراد پانی کی نذر ہو گئے۔ میرپورخاص میں سڑکوں پر دو سے ڈھائی فٹ پانی جمع ہوگیا۔ سیٹلائٹ ٹاون ، بھان سعید آباد اور غریب آباد سمیت متعدد علاقے زیر آب ہیں۔ جھڈو اور عمر کوٹ میں موسلا دھار بارش نے متاثرین کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔ سامارو شاخ میں دو مقامات پر شگاف پڑگیا جس کے باعث قریبی دیہات زیر آب آگئے۔ جھڈو، ٹنڈو جان محمد اور ڈگری میں ملٹری کے سو جوان بھیج دیئے گئے ہیں۔ بدین میں موسلا دھار بارش نے متاثرین سیلاب کی مشکلات بڑھادیں گولارچی، ماتلی ، تلار اور گرد نواح میں نشیبی علاقیزیر آب آگئے۔ ترائی میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے بچی ہلاک اور چار افراد زخمی ہوگئے۔ شکار پور میں چھوری شاخ میں پچاس فٹ چوڑے شگاف سے چار دیہات اور سیکڑوں ایکڑ اراضی زیر آب آگئی۔ خیرپور میں طوفانی بارش نے تباہی مچادی۔ بچل بمبرو گاوں میں چار گھروں کی چھتیں گرنے سے سات افراد زخمی ہوگئے۔ متعدد مکانات پر بجلی کے کھمبے گرگئے جس سے بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا۔ٹنڈو آدم اور گرد و نواح میں موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، سوئی کندر میں مکان کی چھت گرنے سے بچی جاں بحق اور چھ افراد زخمی ہوگئے۔
سرورق » خاص خاص خبریں, ملکی خبریں » سندھ :موسلا دھار بارش 8افراد جاں بحق