طرابلس: لیبیا کے روپوش رہنما کرنل معمر قذافی نے اپنے حامیوں سے ملک پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف گوریلا جنگ شروع کرنے کو کہا ہے۔ چار دہائیوں تک
برسراقتدار رہنے والے معمر قذافی کے بارے میں کوئی نہیں جانتا کہ وہ کہاں ہیں۔ تاہم جمعرات کو عرب ذرائع ابلاغ نے ان کے تین پیغامات نشر کیے ہیں۔ دوسری جانب لیبیا میں مخالفین نے ڈیڈ لائن بڑھاتے ہوئے سرت شہر میں قذافی کے حامیوں کو ایک ہفتے کے اندر ہتھیار ڈالنے کی پیشکش کر دی ہے۔ لیبیا کی اپوزیشن حکومت کی کیسے حمایت کی جائے پیرس میں عالمی رہنما سرجوڑ کر بیٹھ گئے جبکہ معمر قذافی نے ایک بار پھر لڑائی جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ مخالفین نے سرت شہر اور دیگر مقامات پر قذافی کے حامیوں کو ہتھیار ڈالنے کی پیشکش کر دی ہے۔ یہ ان کیلئے آخری موقع ہوگا۔ دس ستمبر تک ہتھیار نہ ڈالے تو قذافی کے حامی نتائج کے خود ذمہ دار ہوں گے۔ مخالفین کے مطابق قذافی کے آبائی شہر سرت کو مشرق اور مغرب کی جانب سے گھیر رکھا ہے اور قذافی کے حامیوں کو ہتھیار ڈالنے پر مجبور کرنے کیلئے پانی اور بجلی منقطع کر دی ہیں۔ ادھر پیرس میں قذافی کے مخالفین کی حمایت پر غور کیلئے یورپی یونین، عرب لیگ، نیٹو، اقوام متحدہ اور امریکا سے نمائندوں کا اجلاس شروع ہوگیا ہے۔ یورپی یونین نے لیبیا کے 20 اقتصادی اداروں سے بھی پابندی ہٹانے کا اعلان کر دیا ہے۔ عرب ٹی وی کے مطابق معمر قذافی نے آخری سانس تک لڑائی جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے
سرورق » خاص خاص خبریں, عالمی خبریں » باغیوں کیخلاف گوریلا جنگ شروع کی جائے، قذافی